Press Release Press Releases

Urdu Point Reports: ملک بھر سے اخلاقی صحافت کے لئے کوشاں میڈیا انڈسٹری کے بہترین صحافیوں کو سالانہ آگاہی ایوارڈز دیئے گئے

اس سال آگاہی ایوارڈز نے ذمہ داری کو اجاگر کیا‘پرش چوہدری صدر آگاہی ایوارڈز

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 دسمبر2017ء) ملک بھر سے اخلاقی صحافت کے لئے کوشاں میڈیا انڈسٹری کے بہترین صحافیوں کو سالانہ آگاہی ایوارڈز دیئے گئے۔ اس حوالے سے ہفتہ کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں صحافیوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں سال کے بہترین صحافی کے طور پر پذیرائی دی گئی۔ ممتاز رائے سازوں، سینئر صحافیوں، پالیسی سازوں، سفارتکاروں، ماہرین تعلیم، میڈیا انڈسٹری اور تھنک ٹینکس کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی۔آگاہی ایوارڈز ذمہ داری اور احتساب کیلئے 40 سے زائد شعبوں میں سالانہ آگاہی ایوارڈ 2017ء کے ذریعے پاکستان کے قابل اعتماد ترین صحافیوں کی کارکردگی سراہی گئی۔ 2017ء کیلئے عوامی پسندیدگی کے شعبے میں اے آر وائی نیوز نے مقبول ترین نیوز چینل‘ شاہ زیب خان زادہ نے مقبول اینکرپرسن کرنٹ افیئرز مرد اور عائشہ بخش نے مقبول اینکرپرسن کرنٹ افیئرز (خاتون) کا ایوارڈ جیت لیا۔کاشف عباسی 2017ء کے قابل اعتماد ترین اینکرپرسن قرار دیئے گئے۔ نیوز کاسٹر آف ایئر کا ایوارڈ مظہر نثار شیخ کو دیا گیا جبکہ حسن رضا سال کے تحقیقی صحافی قرار پائے۔ اس موقع پر پرش چوہدری صدر آگاہی اور بانی آگاہی ایوارڈز نے کہا کہ اس سال آگاہی ایوارڈز نے ذمہ داری کو اجاگر کیا‘ 2017ء میں قوم آزادی کے 70 سال مکمل کر رہی ہے‘ اس ملک کی تخلیق میں صحافی برادری کی کاوشوں کو سراہنا ہے، یہ آزاد میڈیا کی طاقت ہے۔عامر جہانگیر سی او مشعل پاکستان اور بانی آگاہی ایوارڈز نے کہا کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا دی ریگولیشن کے پندرہ سال مکمل کر لئے ہیں، آگاہی ایوارڈز میڈیا کو وہ محور فراہم کرتے ہیں جو پیشہ وری اور پراعتماد صحافت کی عکاسی کرتا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ آگاہی ایوارڈز نے صحافیوں کو پاکستان کے اندر اور باہر احتساب کی آواز بننے کا پلیٹ فارم فراہم کیا۔ وقار احمد ہیڈ کارپوریٹ افیئر نیسلے پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں غذائیت اور پانی کے مسائل پر آگاہی پیدا کرنے کے لئے میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے، نیسلے پاکستان نے مقامی سطح پر پانی کی نگہبانی کے فروغ کی ابتداء کی ہے، ہم پاکستان میں پوشیدہ بھوک کے چیلنجز کے لئے پرعزم ہیں۔

Leave a Comment